پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر قطر سے آنے والے مسافروں میں سے ایک بچی میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں اس بیماری کے کیسز کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
باڈر ہیلتھ سروسز حکام کے مطابق، قطر سے پی کے 286 پرواز کے ذریعے پشاور پہنچنے والی 5 سالہ بچی میں منکی پاکس کی علامات ظاہر ہوئیں، جس کے بعد فوری طور پر اسے پشاور پولیس سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ حکام کے مطابق، خیبرپختونخوا میں رواں سال یہ منکی پاکس کا دوسرا کیس ہے، اور گزشتہ روز بھی باچا خان ایئرپورٹ پر ایک کیس سامنے آیا تھا۔
حکام نے مزید بتایا کہ باچا خان ایئرپورٹ پر رواں سال اب تک 2 جبکہ مجموعی طور پر 7 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں منکی پاکس کے مجموعی طور پر 11 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جن میں سے بیشتر کیسز بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے پاکستان پہنچے ہیں۔
باڈر ہیلتھ سروسز حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ ملک کے دیگر ایئرپورٹس کی طرح باچا خان ایئرپورٹ پر بھی ہیلتھ سروسز کی ٹیمیں الرٹ ہیں اور کسی بھی مشتبہ کیسز کا فوری طور پر علاج کیا جا رہا ہے۔ حکام نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ سفری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور منکی پاکس کے بارے میں آگاہی حاصل کریں تاکہ اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
منکی پاکس ایک وائرل بیماری ہے جو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہو سکتی ہے، اور اس کی علامات میں بخار، جلد پر دانے اور گانٹھیں شامل ہوتی ہیں۔