دنیائے کرکٹ میں وقتاً فوقتاً ایسے عجیب و غریب واقعات سامنے آتے ہیں جو شائقین کو حیرت میں ڈال دیتے ہیں۔
حال ہی میں انگلینڈ انڈر 19 اور جنوبی افریقا انڈر 19 کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ایک ایسا نایاب رن آؤٹ دیکھنے کو ملا، جو کرکٹ کی دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا۔
واقعات کچھ یوں ہوئے کہ انگلینڈ کے بیٹر آریان ساونت نے جنوبی افریقی بولر جیسن رولیس کی گیند پر سوئپ شاٹ کھیلا۔ تاہم یہ گیند شارٹ لیگ فیلڈر جوریچ وین کے ہیلمٹ سے ٹکرا کر وکٹوں پر جا لگی۔ آریان ساونت شاٹ کھیل کر اپنی لائن (کریس) سے آگے بڑھ چکے تھے اور گیند ہیلمٹ سے لگ کر اسٹمپ پر جالگی، جسے امپائر نے آؤٹ قرار دے دیا۔
اس واقعے کے بعد فیلڈر جوریچ وین کو شدید تکلیف میں دیکھا گیا اور انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ شائقین کرکٹ نے اس انوکھے رن آؤٹ پر بے یقینی کا اظہار کیا۔ کچھ نے اس نایاب واقعے کو سراہا تو کچھ نے کرکٹ کے خطرناک پہلو کو اجاگر کیا۔