فرانس جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کو اسلام آباد میں واقع فرانسیسی سفارتخانے میں شینگن ویزا کے لیے درخواست دینی ہوگی۔
فرانسیسی سفارتخانہ تمام ضروری معاون دستاویزات، بشمول بینک اسٹیٹمنٹ کا جائزہ لینے کے بعد ویزا دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرنے کا مجاز ہے۔ مختصر قیام کے ویزا کی درخواست دینے کے لیے شہریوں کو اپنی درخواست روانگی کی تاریخ سے کم از کم 15 سے 20 دن قبل جمع کرانی ضروری ہے۔ اس عرصے میں سفارتخانہ درخواست گزار کا انٹرویو کرے گا اور اس کے بعد ویزا جاری کرنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے لہذا یہ ضروری ہے کہ درخواست دہندہ اپنے سفر کی تاریخ سے پہلے ہی درخواست مکمل کرے۔
ویزے کے لیے ضروری دستاویزات میں پاسپورٹ، فرانس کا دورہ کرنے کے لیے کسی منظم سفر کی ریزرویشن کی تصدیق یا دیگر متعلقہ منصوبہ پروگرام کی وضاحت کرنے والی دستاویزاور فرانس وزٹ ویزا درخواست کی فیس شامل ہیں۔ درخواست گزار کو ویزا درخواست کے عمل کی فیس کی مد میں 90 یورو ادا کرنا ہوگا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 25 ہزار روپے بنتی ہے۔
اس کے علاوہ درخواست گزار کو یہ ثابت کرنے کے لیے مالی دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت ہوگی کہ اس کے پاس اپنے سفر کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے کافی رقم موجود ہے۔ فرانس میں قیام کے دوران روزانہ مطلوبہ رقم 120 یورو ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کسی شخص کا فرانس میں قیام 90 دن تک کا ہو تو اس کے بینک اکاؤنٹ میں کم از کم 10800 یورو کے برابر رقم موجود ہونی چاہیے۔
جنوری 2025 تک ایک یورو کی قیمت پاکستانی روپے میں تقریباً 289.99 روپے ہے۔ اس حساب سے اگر آپ کا قیام فرانس میں 90 دنوں کے لیے ہےتو آپ کے بینک اکاؤنٹ میں تقریباً 30 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد رقم ہونی چاہیے تاکہ آپ اس ویزا کے معیار پر پورا اُتر سکیں۔
یہ تمام معلومات اس بات کو واضح کرتی ہیں کہ فرانس کا سیاحتی ویزا حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے والوں کو اپنے مالی ذرائع، دستاویزات کی مکمل تیاری اور ویزا کے عمل کے لیے درکار وقت کا خیال رکھنا ہوگا تاکہ ویزا حاصل کرنے میں کوئی مشکلات پیش نہ آئیں۔