جاتی سردی پھر لوٹ آئی۔ ایبٹ آباد کے سیاحتی مقام گلیات میں برف باری شروع ہوگئی۔
برف باری سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ جی ڈی اے سٹاف مری روڈ پر ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے موجود ہے۔ ڈی جی گلیات شاہ رخ کے مطابق ایبٹ آباد گلیات کے تمام روٹس کو برفباری سے کلیئر رکھا جائے گا۔
محکمہ موسمیات نے کل مزید بارش کی پیشگوئی کر دی۔ ملک بھر میں موسم سرما کے جلوے، کہیں بارش تو کہیں برفباری ہوئی، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان سمیت بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پربرفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ سب سے زیادہ سردی لہہ میں پڑی، جہاں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری تک گرگیا، اس کے علاوہ اسکردو اور زیارت میں منفی 6 جبکہ کالام میں منفی 4 کی سردی پڑی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل شمال مشرقی پنجاب، خیبر پختو نخوا، گلگت بلتستان ،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علا قوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ کل اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ رات کو بارش کا امکان ہے ۔کل مری، گلیات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
لاہور، شیخو پورہ، سیالکوٹ،نارووال، گجرات،گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور گر د و نواح میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ دیر، چترال، کو ہستان، ما نسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، شا نگلہ، بو نیر اورسوات میں چند مقامات پر بارش اور پہا ڑو ں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں کل مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور ہلکی برفباری کی بھی توقع ہے۔