پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے رمضان المبارک کے دوران صوبے کے غریب خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ ہر حلقے میں 5 ہزار مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے دیے جائیں گے، جبکہ ریلیف اقدامات کی نگرانی کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کی زیرِ صدارت کابینہ اجلاس میں حکومتی کارکردگی اور رمضان ریلیف پیکج پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں صوبائی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی جائے گی، لہٰذا کابینہ ارکان کو تیاری مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ منصوبے تشکیل دیتے وقت صوبے کی مجموعی ترقی اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھا جائے۔
کابینہ اجلاس میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے اسپیشل انویسٹی گیشن ونگ کے لیے پولیس اسٹیشن کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ ڈی ٹاک اور انسولین فار لائف منصوبے کے لیے 5 ملین امریکی ڈالر گرانٹ کی منظوری بھی دے دی گئی۔وزیر اعلیٰ نے رمضان المبارک کے دوران عوامی ریلیف کے اقدامات کی نگرانی کے لیے متعلقہ محکموں کو فوری تیاری مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔