مری، گلیات اور وادی لیپہ میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ایبٹ آباد کے سیاحتی مقام گلیات میں 4 سے 5 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔جبکہ راولپنڈی میں ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈی جی نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا عملہ مری روڈ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے موجود ہے، اور ہیوی مشینری کی مدد سے راستوں کو صاف کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سیاحوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ساتھ گرم ملبوسات لے کر آئیں اور گاڑیوں کو سڑک کے کنارے کی بجائے محفوظ مقامات پر پارک کریں۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ خشک موسم کی وجہ سے گردوغبار اور موسمی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا تھا، تاہم بارش اور برفباری کی وجہ سے ان بیماریوں میں کمی متوقع ہے۔
دوسری جانب مری انتظامیہ نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مری جانے والوں کو تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ مری میں اڑھائی سے تین انچ تک برف پڑ چکی ہے، اور انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کو مزید احتیاط کی تاکید کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مری میں گزشتہ رات سے 2.5 انچز برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، اور آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش اور برف باری کے امکانات ہیں۔
بارش اور برف باری کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے سڑکوں پر نمک کا چھڑکاﺅ شروع کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ڈی جی نے مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے اور شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔
مری میں سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 13 فسیلیٹیشن مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے سیاحوں سے گزارش کی ہے کہ وہ موسم کی صورت حال کا جائزہ لے کر سفر پر نکلیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
تمام ادارے عوامی خدمت میں مصروف ہیں، اور ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔