محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں بارش، برف باری اور دھند کے حوالے سے نئی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، مری اور گلیات میں بارش اور برفباری ہو چکی ہے جبکہ شمال مشرقی پنجاب میں ہلکی دھند کی توقع ہے۔گزشتہ روز کے درجہ حرارت کے مطابق قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ، کالام میں منفی 6، کوئٹہ میں منفی 5، استور میں منفی 4، ہنزہ، دیر، مری، پارا چنار اور سکردو میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری طرف کراچی کا موسم آج بھی خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ آج کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 13.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کراچی میں ہوامیں نمی کا تناسب 35 فیصد ہے اور شمال مشرق کی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں جن کی رفتار 2 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
فضائی معیار کے حوالے سے اے کیو آئی کے مطابق کراچی کا فضائی معیار مضر ہے اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی انتیس نمبر پر موجود ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 102 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہےجو کہ شہریوں کی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔