خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں انسداد پولیو مہم میں شریک ٹیم پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار عبدالخالق شہید ہو گئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر رائے مظہر اقبال کے مطابق، تھانہ حدود جمرود کے علاقے بکر آباد میں دہشتگردوں نے انسداد پولیو ٹیم پر غوندی کے قریب فائرنگ کی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ دیگر ٹیم کے ارکان خوش قسمتی سے محفوظ رہے، جبکہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہو گئے۔ جائے وقوع سے 30 بور کے دو خول برآمد ہوئے ہیں۔
ڈی پی او کے مطابق پولیس نے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندیوں کا آغاز کر دیا ہے۔دوسری جانب محکمہ صحت کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بکر آباد سے انسداد پولیو ٹیم کو واپس بلا لیا گیا ہے اور پولیو مہم کو مؤخر کر دیا گیا ہے۔