واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا پر عائد تجارتی ٹیرف ایک ماہ کے لیے مؤخر کر دیے ہیں، جبکہ چین سے بھی بات چیت کا عندیہ دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، امریکی صدر اور میکسیکو کی صدر کلاڈیا پارڈو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں صدر ٹرمپ نے میکسیکو پر ٹیرف ایک ماہ کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔ امریکی انتظامیہ نے کہا کہ میکسیکو نے امریکا میں منشیات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کی حامی بھری ہے اور وہ امریکا کے ساتھ سرحد پر 10 ہزار نیشنل گارڈز تعینات کرے گا۔
دوسری جانب، امریکی صدر اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے درمیان بھی ایک ہی روز میں دو بار ٹیلیفونک بات چیت ہوئی، جس کے بعد کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے کینیڈا پر 25 فیصد ٹیرف کا نفاذ کم سے کم 30 روز کے لیے روک دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ میکسیکو سے ٹیکس کے معاملات ابھی طے ہونا ہیں اور چین سے اگلے 24 گھنٹوں میں بات چیت کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ معاملات نہ طے ہونے کی صورت میں اس پر ٹیرف بڑھا دیے جائیں گے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یوکرین کو قیمتی زمینوں کے حوالے سے بتا دیا گیا ہے کہ وہ وہ زمینیں امریکا کے حوالے کرے۔ انہوں نے ایلون مسک کے بارے میں بھی بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعات والی جگہوں پر انہیں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔