صحافی زاہد گشکوری نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی اور رواں سال پاکستان آنے کی یقین دہائی کروائی گئی ہے۔
زاہد گشکوری نے اپنے وی لاگ میں صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورہ چین پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت اس وقت دورہ چین پر ہیں اور ان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی ہے، جس کی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آئی ہیں اور معلوم ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سےکھل کر گفتگو کی گئی ہے۔
صحافی کے مطابق اس ملاقات میں پاکستان کے ڈپٹی پرائم منسٹر اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے جبکہ دوسری جانب بھی چینی صدر اور چین کے دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ اس میٹنگ میں باہمی تجارت اور سی پیک سمیت اہم موضوعات پر بات چیت ہوئی اور گزشتہ چند سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان جو سردمہری تھی، اس حوالے سے یہ دورہ انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دورے میں صدر مملکت نے چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جس پر میرے ذرائع کے مطابق چین کی جانب سے پاکستان کو یقین دلایا گیا ہے کہ رواں سال چینی صدر پاکستان آئیں گے۔ یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، کئی سالوں بعد چینی ہائی پروفائل شخصیت خصوصاََ صدر کا دورہ پاکستان ہوگا۔