لاہور: پاکستان کے بڑے کرکٹ گراونڈ قذافی سٹیڈیم، چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر چکا ہے۔ انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں اور کل 8 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کے آغاز کے ساتھ ہی نئے نویلے قذافی سٹیڈیم کا گھونگھٹ اٹھ جائے گا۔
افتتاحی تقریب میں نامور گلوکار علی ظفر، عارف لوہار اور آئمہ بیگ اپنی پرفارمنس سے تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔ ساتھ ہی ڈھول، آتشبازی اور لائٹس شو کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا جس سے شائقین کرکٹ کو ایک منفرد تجربہ ملے گا۔ عوام کے لیے اس شاندار افتتاحی تقریب میں داخلہ فری ہو گا۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی ذاتی نگرانی اور دن رات کی محنت سے سٹیڈیم کی تعمیر کا عمل حیران کن رفتار سے مکمل کیا گیا۔ صرف 117 دنوں کی ریکارڈ مدت میں جدید ترین سٹیڈیم تیار کیا گیا ہے جس میں ایل ای ڈی لائٹس، نئی اور بڑی سکور سکرینز اور شائقین کے لیے ہر انکلوژر سے بہترین ویو فراہم کیا گیا ہے۔ انکلوژرز کے سامنے جنگلے ختم کر دیے گئے ہیں اور آرام دہ امپورٹڈ نشستیں نصب کی گئی ہیں۔
نئے ہاسپٹلٹی باکسز اور عالمی معیار کی سہولتیں شائقین کرکٹ اور کھلاڑیوں کے لیے فراہم کی گئی ہیں۔ محسن نقوی نے سٹیڈیم کی تعمیر نو میں کام کرنے والی تمام ٹیمز، بشمول ایف ڈبلیو او، نیسپاک، کنٹریکٹرز اور پی سی بی کی ٹیم کو بھرپور سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا شکریہ کہ انہوں نے اس ناممکن کام کو ممکن بنایا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ تنقید کے باوجود پوری ٹیم نے انتھک محنت کی اور اللہ تعالٰی نے ہمارا راستہ آسان کیا۔ اس بڑے ٹاسک کی تکمیل پر ہم اللہ کے حضور سربسجود ہیں۔
اب شائقین کرکٹ کے لیے یہ سٹیڈیم ایک نیا اور شاندار منظر پیش کرنے کے لیے تیار ہے اور چیمپئنز ٹرافی کے میچز میں عالمی سطح کی کرکٹ کا جوش و جذبہ دکھانے کے لیے بے چین ہے۔