ماہرین فلکیات کے مطابق یکم مارچ 2025 کو سعودی عرب میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ ہونے کا امکان ہے۔
رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور دنیا بھرمیں کروڑوں مسلمان جاننا چاہتے ہیں کہ پہلا روزہ کب ہوگا۔ ماہ شعبان کے پہلے عشرے کا اختتام ہونے والا ہے، ماہرین فلکیات نے رمضان کے چاند کی پیدائش کی حتمی تاریخ اور وقت کی پیش گوئی کر دی۔
سعودی عرب کے مشیر اور سعودی علمابورڈ کے رکن شیخ عبد اللہ بن سلیمان المنیع نے کہا ہے کہ فلکی حساب کے مطابق یکم مارچ 2025 کو سعودی عرب میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ ہوگا۔ اس سال رمضان 29 دن کا ہوگا اور 29 مارچ کو اس کا آخری روزہ ہوگا، جس کے بعد 30 مارچ کو عید الفطر ہونے کا امکان ہے۔
تاہم سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے رمضان کے آغاز کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش جمعہ 28 فروری 2025 کی رات 3 بج کر 44 منٹ پر ہوگی۔ اس دن شام کو چاند سورج غروب ہونے کے بعد 32 منٹ تک باآسانی دیکھا جا سکے گا۔
اس سال رمضان کا آغاز کچھ ممالک میں یکم مارچ اور کچھ میں 2 مارچ کو ہوگا۔ سعودی عرب، خلیجی ممالک، مغربی اور یورپی ممالک میں یکم مارچ بروز ہفتہ رمضان کا پہلا روزہ ہوگا، جبکہ عید الفطر 30 مارچ بروز اتوار یا 31 مارچ بروز پیر کو آنے کا امکان ہے۔