فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی

فیفا نے پی ایف ایف کی رکنیت معطل کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن قوانین کے مطابق آئین سازی نہیں کر سکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی بنیادی رکنیت معطل کر دی ہے اور معطلی کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن قوانین کے مطابق آئین سازی نہیں کر سکی ہے اور جب تک پی ایف ایف آئین سازی کا عمل نہیں کرتی اسکی بنیادی رکنیت معطل رہے گی۔

فیفا حکام نے مزید واضح کیا کہ پاکستان فٹبال فیڈیشن کی معطلی تب ختم ہو گی جب کانگریس مجوزہ ترامیم منظور کریگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اے ایف سی اور فیفا پاکستان فٹبال فیڈریشن الیکشن کے قانون میں ترمیم چاہتے ہیں اور ترمیم کے بعد کوئی بھی شخص پی ایف ایف کا صدر بننے کا اہل ہو جائیگا۔

دوسری جانب پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی نارملائزیشن کمیٹی کے مطابق پی ایف ایف کے آئین میں ترامیم پر ڈیڈلاک معطلی کی بنیادی وجہ ہے۔
نارملائزیشن کمیٹی کے مطابق ریویو کے بعد یہ فیصلہ ہوا کہ پی ایف ایف کا موجودہ آئین فیفا کے معیار کے مطابق نہیں ہے۔

نارملائزیشن کمیٹی کا کہنا ہےکہ فیفا کی تجویز کردہ ترامیم منظور نہیں ہوئی تو الیکشن سمیت فٹبال کے تمام معاملات معطلی کا شکار ہو جائیں گے۔نارملائزیشن کمیٹی کے مطابق فیفا کا کہنا ہے کہ یہ ترامیم پی ایف ایف گورننس کے لیے اہم ہیں۔ معاملات کے حل کے لیے نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کانگریس اراکین سے ملاقات کریں گے۔

خیال رہےکہ فیفا نے 2018 میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی تھی جس کی وجہ سیاسی مداخلت بتائی گئی تھی۔ بعد ازاں جولائی 2022 میں فیفا نے اعتراضات دور ہونے کے بعد پی ایف ایف کی رکنیت بحال کردی تھی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *