اس وقت کا انتظار ہے جب ہمارے لڑکے ہندوستان کو شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی جیتیں گے، وزیراعظم

اس وقت کا انتظار ہے جب ہمارے لڑکے ہندوستان کو شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی جیتیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں نو تعمیر شدہ قذافی سٹیڈیم کا افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب میں وزیرِاعظم، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق چیئرمین نجم سیٹھی، ذکا اشرف، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مختلف محکموں کے حکام میں تعریفی شیلڈز تقسیم کیں۔

مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی کے لیے منتخب اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں ہورہی، محمد رضوان

افتتاحی خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن ہم سب کے لیے خوشی کا دن ہے کیونکہ قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو ایک شاندار طریقے سے مکمل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیاب منصوبے کو ممکن بنانے میں محنت کرنے والے تمام افراد، خاص طور پر کنٹریکٹرز، مزدوروں اور محسن نقوی کی نگرانی کی بھرپور تعریف کی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اس سٹیڈیم کی تعمیر نو میں بھرپور مدد فراہم کی گئی، جس کے لیے وہ حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ہم “شہباز سپیڈ” کے بارے میں سنتے آئے ہیں، لیکن اس موقع پر میں محسن سپیڈکی بات کرتا ہوں، جو اس منصوبے کی کامیاب تکمیل کا باعث بنی۔

انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دل کی گہرائیوں سے کرکٹرز کو شاباش اور مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے بہترین کرکٹ کھیل کر پوری قوم کا دل جیتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی کی پوری قوم منتظر ہے اور انہیں امید ہے کہ پاکستان بھارت کو شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی جیتے گا، جس سے 24 کروڑ پاکستانیوں کے دل جیتے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ، اللہ تعالی پاکستان کو یہ ٹرافی دے گا اور ہم سب اس کامیابی کا انتظار کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ایک کرکٹ میچ کا دلچسپ واقعہ بھی سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شفقت رانا نے 96 رنز بنائے، اور ایک موقع پر ڈرک مارکس کے گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے وہ آؤٹ ہو گئے، جس پر انہوں نے کہا کہ ’واقعی، لک بڑا خراب ہے‘۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی سے قبل چھکوں کو لیکر فخر زمان کا بڑا مطالبہ

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً چار ماہ قبل وزیراعظم نے اس سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا تھا، اور یہ ان کا ہدف تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے پہلے سٹیڈیم کی مکمل تعمیر کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 2500 مزدوروں نے دن رات محنت کی اور 117 روز کی ریکارڈ مدت میں اس سٹیڈیم کی تعمیر مکمل کی۔

محسن نقوی نے ایف ڈبلیو او اور پاکستان آرمی کی مدد کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس پروجیکٹ کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ تقریباً 30 سال بعد پاکستان میں بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ ہونے جا رہا ہے اور ہم سب مل کر اس کو کامیاب بنائیں گے۔

چیمپئنز ٹرافی کا باضابطہ آغاز 19 فروری سے کراچی میں کرکٹ میچ کے ساتھ ہوگا، جس کے کچھ میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی ہوں گے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز کے حوالے سے بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کیا تھا، جس کے باعث پاکستان اور بھارت کے میچز یو اے ای میں ہوں گے۔

ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو ہوگا اور اگر بھارت فائنل میں پہنچا تو اس کا آخری میچ پاکستان میں نہیں ہوگا۔افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *