بھارت کی ریاست راجستھان میں ایک انوکھی چوری کی کوشش اس وقت سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی جب ایک ملزم نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کی تصویر والا ماسک پہن لیا، تاہم یہ چال زیادہ دیر کامیاب نہ رہ سکی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ 28 جون کو راجستھان کے ضلع بھیلواڑا میں پیش آیا، جہاں ایک شخص نے موبائل فون کی دکان کا شٹر توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم آہنی راڈ کی مدد سے دکان کا شٹر کھولنے کی کوشش کرتا رہا، تاہم تالا نہ ٹوٹنے کے باعث وہ اپنی کوشش میں ناکام رہا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے چوری کے دوران نریندر مودی کی تصویر والا ماسک پہن رکھا تھا تاکہ اس کی شناخت ظاہر نہ ہو سکے، لیکن علاقے میں نصب دیگر سی سی ٹی وی کیمروں نے اس کی یہ تدبیر ناکام بنا دی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واردات سے قبل ملزم نے دن کے وقت علاقے کی ریکی کی تھی۔ اس دوران وہ انہی کپڑوں میں نظر آیا، تاہم اس وقت اس نے ماسک نہیں پہنا ہوا تھا، جس کے باعث پولیس کو اس کی شناخت میں مدد ملی۔
پولیس کے مطابق اگرچہ اس موبائل دکان میں چوری کی کوشش ناکام رہی، لیکن اسی رات تقریباً 800 میٹر کے فاصلے پر واقع ایک دوسری موبائل فون کی دکان میں چوری کی واردات رپورٹ ہوئی، جس کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔