لیسکو میں معاہدے کے برعکس سولر صارفین کے کنکشنز کی بلنگ، ریکارڈ طلب

لیسکو میں معاہدے کے برعکس سولر صارفین کے کنکشنز کی بلنگ، ریکارڈ طلب

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ پر منتقل ہونے والے صارفین کے حوالے سے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے متعلقہ دفاتر سے مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق ان صارفین کی تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں جن کی بلنگ معاہدے کے برعکس نیٹ میٹرنگ کے بجائے نیٹ بلنگ کے تحت منتقل کی گئی یا جن کے کیسز زیر التوا ہیں۔

ذرائع کے مطابق لیسکو نے اپنے تمام متعلقہ دفاتر کو ہدایت جاری کی ہے کہ صارفین کے ساتھ کیے گئے معاہدوں، جمع کرائے گئے ڈیمانڈ نوٹسز اور دیگر متعلقہ دستاویزات کا مصدقہ ریکارڈ فوری طور پر فراہم کیا جائے تاکہ تمام کیسز کا ازسرنو جائزہ لیا جا سکے۔

حکام کے مطابق 9 فروری تک جمع کرائی گئی دستاویزات کی بنیاد پر نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ پر منتقل ہونے والے صارفین کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے ، اس کے علاوہ ایسے صارفین کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں جنہوں نے 25 کلوواٹ تک کے سولر سسٹمز نصب کر رکھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سولر صارفین کیلئے بری خبر ، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض کیسز میں دستاویزات مکمل ہونے کے باوجود صارفین کی بلنگ مطلوبہ طریقہ کار کے مطابق نہیں کی جا سکی، جس کے باعث لیسکو نے تمام ریکارڈ اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ کن صارفین کے کیسز میں بلنگ کا طریقہ کار معاہدے یا مقررہ پالیسی کے مطابق نہیں اپنایا گیا۔

لیسکو حکام کے مطابق تمام دستاویزات اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق متعلقہ صارفین کی بلنگ کو مناسب نظام کے تحت منتقل کیا جائے گا ، اس مقصد کے لیے مختلف دفاتر سے تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں تاکہ ریکارڈ کی تصدیق کے بعد ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک بھر میں نیٹ میٹرنگ اور نیٹ بلنگ سے متعلق پالیسیوں پر مسلسل بحث جاری ہے اور سولر صارفین اپنی بلنگ اور معاہدوں سے متعلق مختلف سوالات اٹھا رہے ہیں۔

editor

Related Articles