سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ شہباز شریف بہت محنت کر رہے ہیں، اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں ، مسلم لیگ ن آتی ہے تو ملک میں ترقی آتی ہے ۔
نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ہے کہ اللّٰہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں، شہباز شریف بہت محنت کر رہے ہیں، لاہور اور پنجاب میں بہت عرصے بعد عوام میں خوشی اور اطمینان نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تیزی سے گڑھے میں گرتے ملک اور قوم کو بچا لیا، اللہ تعالیٰ نے برکت ڈالی ہے اور بھی ڈالے گا، انشااللہ، اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے محنت سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھنا ہے، اللّٰہ تعالیٰ نے تیزی سے گڑھے میں گرتے ملک اور قوم کو بچا لیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہے 1990 کا سفر جاری رہتا تو پاکستان ترقی کے سفر میں آج کہیں آگے کھڑا ہوتا، مسلم لیگ ن آتی ہے تو ملک میں ترقی آتی ہے، ڈی ریل نہ کیا جاتا تو آج پاکستان کہیں آگے ہوتا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی میں کمی سے عوام کو سکھ کا کچھ سانس آیا ہے، پالیسی ریٹ 22 سے کم ہو کر 12 فی صد پر آنا معاشی بہتری کی علامت ہے۔