پاکستان نے جنوبی افریقہ کو اہم میچ میں شکست دیدی، فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو اہم میچ میں شکست دیدی، فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان نے ٹرائی نیشن سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں محمد رضوان اور سلمان علی آغا کی شاندار بلے بازی کی بدولت جنوبی افریقہ کو ناقابل یقین شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔ پاکستان فائنل میچ نیوزی لینڈ کیخلاف 14 فروری کو کراچی میں کھیلے گا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقی بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں5وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے جبکہ پاکستان نے 49 اوورز میں 355 رنز بنا کر ہدف کامیابی کیساتھ حاصل کرلیا۔

جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کا شاندار آغاز کیا، کپتان ٹیمبا بائووما نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ میتھیو بریٹز نے 83 اور ہینرک کلاسن نے 87 رنز کی دھواں دار بیٹنگ کی۔ کائل ویریئن نے 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کے بڑا اسکور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی، میچل اسٹارک بھی آسٹریلوی اسکواڈ سے دستبردار

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 66رنز دے کر 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ نسیم شاہ اور خوشدل شاہ نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ محمد حسنین اور ابرار احمد کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام ٹھہرے۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جارحانہ بلے بازی سے اننگز کا آغاز کیا۔ فخر زمان 41، بابر اعظم 23 اور سعود شکیل 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور دونوں نے سنچریاں بنائیں۔ سلمان علی آغاز 134 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے جبکہ کپتان محمد رضوان  122 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، طیب طاہر نے ایک بال پر چوکا مار کر وننگ شاٹ کھیلی اور ٹیم کو فتح دلائی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ویان ملڈر نے 2 جبکہ لنگی نگیڑی اور کوربن بوچ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹرائی سیریز کا فائنل میچ 14 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائیگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *