ضلع جامشورو میں 17 فروری کو پیر کے روز عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا، جس کے تحت تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
جامشورو کے ڈپٹی کمشنر نے اس تعطیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا ۔ حکام کے مطابق یہ تعطیل حضرت لعل شہباز قلندر کے سالانہ عرس کے موقع پر رکھی گئی ہے، جس کی تقریبات پیر سے شروع ہو کر تین دن تک جاری رہیں گی۔
پاکستان بھر سے ہزاروں عقیدت مند حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس میں شرکت کے لیے سہون شہر کا رخ کر رہے ہیں۔ تین روزہ تقریبات میں دھمال، قوالی اور دیگر مذہبی رسومات کا اہتمام کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حضرت عثمان مروندی المعروف لعل شہباز قلندر کا عرس ہر سال 18 شعبان سے 21 شعبان تک منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ہونے والی تقریبات میں لاکھوں زائرین روحانی کیف و سرور حاصل کرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔