حضرت لال شہباز قلندر کے 773 ویں عرس کے موقع پر حکومت سندھ نے 19 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔
محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 19 فروری بروز بدھ کو صوبہ سندھ میں تمام سرکاری، نیم سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
اس سے قبل 17 فروری کوضلع جامشورو میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے تحت سوموار کے روز بھی تمام سرکاری و تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
حضرت لال شہباز قلندر کا عرس ہر سال 18 شعبان سے 21 شعبان تک منایا جاتا ہے۔ اس سال عرس کی تقریبات کا آغاز 17 فروری بروز پیر سے ہوگا، جو تین دن تک جاری رہیں گی۔
صوبہ سندھ کے شہر سیہون میں منعقد ہونے والی ان تقریبات میں لاکھوں زائرین شرکت کرتے ہیں۔ عرس کے موقع پر سیہون میں تین بڑے جلوس نکالے جاتے ہیں، جبکہ دھمال، قوالی اور دیگر مذہبی رسومات کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ زائرین میں مرد، خواتین، بوڑھے اور بچے شامل ہوتے ہیں، جو عقیدت و احترام کے ساتھ مزار کی طرف رجوع کرتے ہیں۔
حکام کے مطابق پاکستان بھر سے ہزاروں عقیدت مند حضرت لال شہباز قلندر کے عرس میں شرکت کے لیے سیہون پہنچ رہے ہیں۔ یہ تقریبات نہ صرف روحانی بلکہ ثقافتی اہمیت کی حامل ہیں، جو صوفی بزرگ کی تعلیمات اور ان کے پیغام کو زندہ رکھتی ہیں۔ حضرت لال شہباز قلندر، جنہیں عثمان مروندی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کی یاد میں منعقد ہونے والے ان تقاریب میں لاکھوں افراد روحانی سکون اور کیف حاصل کرتے ہیں۔