انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 19 فروری سے 9 مارچ تک ہونیوالی آئی سی سی مینز چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے براڈکاسٹنگ تفصیلات کا اعلان کر دیا۔
ایونٹ پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلا جائے گا ، یہ ٹورنامنٹ 8 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جو 19 دنوں پر محیط ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے مابین ہوگا۔
آئی سی سی نے دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کیلئے براہ راست نشریات کے لئے مختلف براڈکاسٹرز کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ براڈکاسٹنگ تفصیلات کے مطابق شائقین 80 سے زائد ممالک میں آئی سی سی ٹی وی پر براہ راست میچز سے لطف اندوز ہوں گے جبکہ آئی سی سی میچ سینٹر کے ذریعے تمام 15 میچز کی مفت آڈیو کوریج دستیاب ہوگی۔
اس کے علاوہ شائقین icc-cricket.com پر لائیو بال ٹو بال کمنٹری بھی سن سکیں گے۔ شائقین اس تاریخی ایونٹ کو مختلف پلیٹ فارمز پر دیکھ اور سن سکیں گے، اس حوالے سے آئی سی سی نے ہر ممکن کوشش کی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے جوش و خروش کو دنیا بھر میں پہنچایا جا سکے۔