بھارت کی ایک اور مہم جوئی کا خطرہ، پاکستان کا دُنیا کو حیران کرنے والا ردعمل، اقوام متحدہ کو بڑی پیشکش بھی کردی

بھارت کی ایک اور مہم جوئی کا خطرہ، پاکستان کا دُنیا کو حیران کرنے والا ردعمل، اقوام متحدہ کو بڑی پیشکش بھی کردی

پاکستان نے اقوام متحدہ کے فورم پر بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے خلاف اپنا اصولی اور واضح مؤقف پیش کرتے ہوئے عالمی برادری کو خبردار کر دیا تھا کہ بھارتی مہم جوئی خطے کے امن و سلامتی کے لیے  سنگین خطرہ ہے، پھر بھارت نے وہی حرکت کر کے ’معرکہ حق ‘ میں عالمی سطح پر ہزمیت سمیٹی۔

2 مئی 2025 کو اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے خطاب کرتے ہوئے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں چھپے بھارتی عزائم کو وقت سے پہلے ہی بے نقاب کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی فالس فلیگ آپریشنز پھر بے نقاب، مودی سرکار پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے اپنے ہی شہریوں کی قاتل بن گئی

اس وقت ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا اور یہ بات ہر سطح پر واضح کی جا چکی ہے، لیکن اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی تو پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے  مکمل طور پر تیار ہے۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا اسی پیرائے میں جواب دے کر دُنیا کو حیران کر دیا تھا۔

آبی جارحیت ‘اعلانِ جنگ’ تصور ہوگی

پاکستانی مندوب عاصم افتخار احمد نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا تھا کہ بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے یا کسی بھی قسم کی آبی جارحیت کو ’اعلانِ جنگ‘ تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے  اقوام متحدہ کی ثالثی قبول کرنے پر رضامند ہے۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے عزائم کو بروقت بھانپ کر دنیا کے سامنے مدلل مؤقف پیش کیا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے۔

پہلگام فالس فلیگ اور بھارتی ہزیمت

گزشتہ برسوں میں بھارت نے مسلسل اپنی داخلی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے  فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لیا ہے، جن میں پہلگام کا واقعہ نمایاں ہے۔

پاکستان نے ہمیشہ جارحیت سے قبل ہی ان ناپاک عزائم کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا ہے۔ حالیہ ’معرکہِ حق‘ میں بھی پاکستان کی امن کی پیشکش کو نظر انداز کرنا بھارت کو مہنگا پڑا، جہاں اسے نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی محاذ پر بھی بدترین ہزیمت اور عالمی رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔

ذمہ دار ریاست بمقابلہ جارح مزاج پڑوسی

واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کا حالیہ مؤقف دفاعی اور سفارتی حکمتِ عملی کا بہترین امتزاج ہے۔ عاصم افتخار احمد کا بیان ایک طرف امن کی خواہش ظاہر کرتا ہے تو دوسری طرف آبی جارحیت کو اعلانِ جنگ قرار دے کر بھارت کو ’ریڈ لائنز‘ کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔

پاکستان کی جانب سے ثالثی کی قبولیت اس کے اخلاقی برتری کے مؤقف کو مضبوط کرتی ہے، جبکہ بھارت کا مسلسل ہٹ دھرمی کا رویہ اسے عالمی سطح پر تنہا کر رہا ہے۔

معرکہِ حق میں بھارتی شکست اس بات کا ثبوت ہے کہ اب محض ’میڈیا وار‘ سے جنگیں نہیں جیتی جا سکتیں، بلکہ میدانِ عمل میں جرات اور حق پر مبنی بیانیہ ہی کامیاب ہوتا ہے۔

Related Articles