علیمہ خان نے عمران خان کی خرابی صحت کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کر دی۔
اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کو سیل میں سہولیات مل رہی ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ آپ جو مرضی پریشر ڈال لیں، میں ڈیل نہیں کروں گا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ انہیں عمران خان نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور ان کی بشریٰ بی بی سے کوئی ملاقات نہیں کروائی گئی۔جیل انتظامیہ نے آج بھی کہا کہ آرڈر ہے کہ بشریٰ بی بی سے ملاقات نہیں کروائی جاسکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیل سے دو کلومیٹر پہلے ہماری گاڑی کو روکا گیا ، وکلا کو بھی روک لیا گیا، سلمان اکرم راجہ اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو روکا گیا، ہمیں بھی 50منٹ روکا گیا ، پھر اجازت ملی اور ہمیں اڈیالہ جیل آنے دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جیل رولز اور کورٹ آرڈر کی یہاں کوئی وقعت نہیں ، کوئی عمران خان کو نہیں مل رہا تو ایسی خبریں ان کی میڈیا فیکٹری سے نکل رہی ہیں۔ مجھ سے منسوب اسکرین شاٹس یہ خود بنا رہے ہیں۔ اگر آپ نے یہ چیزیں میرے موبائل فون سے نکالی ہیں تو لائیں عدالت میں پیش کریں۔
دوسری جانب سیکرٹری جنرل تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک بجے یہاں آئے ہوئے تھے لیکن ملاقات نہیں کرنے دی گئی، اچھی بات ہے کہ بہنوں کی ملاقات ہوئی۔ فیملی کے پانچ لوگ عمران خان سے ملے۔ علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان بالکل ٹھیک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ راستے روکنا بچگانہ قسم کی حرکتیں ہیں، یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح عمران خان پردبائو ڈالیں گے ، انہیں لگتا ہے کہ راستے روکنے اور ملاقات نہ کروانے سے عمران خان دبائو میں آجائیں گے تاہم یہ عمران خان کو نہیں سمجھ سکے، وہ کسی کے دبائو میں نہیں آئیں گے۔