سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ جنید اکبر پارٹی کے مخلص آدمی ہیں اور اگر وہ ناکام ہوئے تو استعفیٰ دیدیں گے۔
نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو تحریک انصاف سے کچھ نہیں چاہئے، اپوزیشن کا گرینڈ الائنس نہیں بنناے جارہا۔ مولانا فضل الرحمٰن اپنی ذات، پارٹی کیلئے کچھ کریں گے مگر تحریک انصاف والوں کیلئے کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جیل میں ہیں مگر انہوں نے ان لوگوں کو چنا جو کرسیوں پر آکے بیٹھ گئے ، تنخواہیں لے رہے ہیں اور دیگر مراعات بھی حاصل کر رہے ہیں لیکن عمران خان کیلئے کوئی بہتری نہیں کر رہے۔ ان لوگوں نے صرف اپنے لیے بہتری کی اور عمران خان کو ’ڈِس اون ‘ کردیا۔
فیصل واوڈانے کہا کہ پارٹی کے لوگ یہ جان گئے ہیں کہ اگر عمران خان باہر آگئے تو ان کی کوئی حیثیت نہیں رہے گی۔ پارٹی ہی عمران خان کیخلاف محاذ آرائی کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ جنید اکبر پارٹی کے مخلص آدمی ہیں، وہ 3ماہ، 6 ماہ یا شاید 8 ماہ کوشش کریں گے مگر ناکام ہوئے تو استعفیٰ دیدیں گے۔ خیبرپختونخوا کے اندر اس کی مخالفت پی ٹی آئی ہی کرے گی۔تحریک انصاف چاہتی ہے کہ عمران خان اندر ہی رہیں۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ سابق صدر عارف علوی نے بھی اپنے دورِ اقتدار میں عمران خان کے کسی بھی احکامات کو پورا نہیں کیا۔ اس بات سے عمران خان بھی بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی امین، بیرسٹر گوہر زیادہ دیر چلتے نظر نہیں آرہے، علی امین گنڈاپور کو بچانے کیلئے حکومت خود کود پڑی ہے۔