قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں شکست کی وجہ بتادی۔
کپتان محمد رضوان نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے ہمیں توقع سے زیادہ بڑا ہدف دیا، ہم نے سوچا تھا کہ مخالف ٹیم کو 260کو اسکور تک روک لیں گے۔ خصوصاََ جب ابتدائی اوورز میں نیوزی لینڈ کی وکٹیں گریں تو ہم پُر امید تھے کہ نیوزی لینڈ کو زیادہ اسکور نہیں کرنے دیں گے تاہم ولی یانگ اور لیتھم کی پارٹنر شپ نے میچ کا رُخ بدل دیا۔
کپتان نے تسلیم کیا کہ نیوزی لینڈ نے ہوشیاری سے بیٹنگ کی، جس کی وجہ سے وہ بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وکٹ شروع میں بیٹنگ کرنے کیلئے سازگار نہیں تھی تاہم ینگ اور لیتھم کی اننگز نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ آخری اوورز میں گلین فلپس کی دھواں دار بلے بازی نے بھی بڑا ہدف کھڑا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ آخری اوورز میں ہماری بالنگ اچھی نہیں تھی اور اسی وجہ سے نیوزی لینڈ بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوئی۔ انہوں نے فخرزمان کی انجری کے حوالے سے کہا کہ اسکین رپورٹ آنے تک کچھ نہیں کہا جاسکتا، دیکھتے ہیں کیا رپورٹ آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فخر زمان کا ابتدائی اوورز میں نہ ہونا ایک بڑا نقصان ثابت ہوا ہے۔
محمد رضوان نے کہا ہم نے اپنے اوپر پریشر نہیں کیا کہ ہم دفاعی چیمپئن ہیں، یہ میچ ختم ہوگیا۔ اب اگلا میچ ہمارے لیے ایک عام میچ کی طرح ہوگا۔