وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے دورہِ برطانیہ کے دوران پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے شرمناک اور انتہائی قابلِ مذمت فعل قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے دورہِ برطانیہ کے دوران پی ٹی آئی انگلینڈ کی جانب سے برطانیہ میں احتجاج کی کال پر شدید تنقید کرتے ہوئے اس امر کو انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت قراردیا ہے۔
وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کا ایجنڈا یہ ہی ہے کہ پہلے آپ 9 مئی کو اس ملک کے دفاع پر حملہ کرتے ہیں اور شہداء کی یادگاروں کو نقصان پہنچاتے ہیں، پھر دہشت گردوں کی حمایت کرتے ہیں، اور اب یہ شرمناک اور انتہائی قابل مذمت احتجاج کر کے پوری پاکستانی قوم کو شرمسار کر رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ انشااللہ ایسے تمام شرپسندوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب ملکی دفاع کی بات آتی ہے تو ہم اسے قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے غدار وطن ، ریاست دشمن عناصر نے پہلے ہی کافی نقصان پہنچایا ہے اور ایسے تمام عناصر سے حساب لیا جائیگا اب بس بہت ہو گیا ہے۔
یہاں یہ امر قابلِ زکر ہے کہ تحریک انصاف انگلینڈ کی جانب سے برطانیہ میں جنرل عاصم منیر کے دورے پر احتجاج کی کال دی گئی ہے اور برطانوی پاکستانی شہریوں کو جنرل عاصم منیر کے دورہِ انگلینڈ پر احتجاج کے لیے باہر نکلنے کے لیئے اکسایا گیا ہے۔