چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں بنگلادیش نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا میچ دبئی میں کھیلا جارہا ہے جہاں بھارت کی کمان روہت شرما کے ہاتھوں میں ہے جبکہ بنگال ٹائیگرز کی نجم الحسن شانتو قیادت کر رہے ہیں۔
دبئی میں بنگلادیش کی ٹیم کا پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ بھارتی بولرز نے ابتدا میں ہی غلط ثابت کردیا۔
بھارتی بولرز نے ابتدائی 3 وکٹس 6.2 اوورز میں 26 رنز پر حاصل کر کے بنگلادیشی ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا۔
ابتدائی 3 وکٹس میں سے 2 محمد شامی اور ایک ہرشت رانا کے حصے میں آئی۔
دبئی میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہر ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کی کوشش کرتی ہے، ہم بھی یہی چاہتے ہیں۔
بنگلا دیش کی ٹیم میں کپتان نجم الحسن شانتو، تنزید حسن، سومیا سرکار، توحید ہیرودے، مشفیق الرحیم، مہدی حسن میراز، جاکر علی، رشید حسین، تنظیم حسن ثاقب، تسکین احمد اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔
بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شیریاس ایئر، اکشر پٹیل، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، راویندرا جڈیجا، ہرشیت رانا، محمد شامی اور کلدیپ یادویو شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو 60 رنز سے شکست دیکر اہم جیت کیساتھ ایونٹ کا آغاز کیا تھا۔