پاکستان مسلم لیگ ن کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ارباب خضرحیات نے صوبائی حکومت کی جانب سے پشاور کے ارباب نیازسٹیڈیم کا نام عمران خان سٹیڈیم رکھنے کی منظوری دینے کو بدیتی اور اخلاق سے گرا ہوا اقدام قرار دیا ہے۔
ارباب خضرحیات نے ایک بیان میں کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنے 11سالہ دور اقتدار میں صوبہ میں ایک بھی کو ئی بڑا پراجیکٹ نہیں دیا ہے جس پر وہ اپنے قائدین کے نام رکھ سکے لیکن دوسروں کے ترقیاتی کاموں پر اپنے نام کی تختیاں لگانے کا بہت شوق ہے پہلے سوات میں نوازشریف کڈنی سنٹر کا نام تبدیل کروایا اب ارباب نیاز سٹیڈیم کا جو قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے ان بھونڈے اقدامات سے اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ یہ صرف دوسروں کی تھوک کو چاٹ کر کریڈٹ لینا چاہتی ہے لیکن عوام ان کی اصلیت جانتی ہے کہ ان کا ایجنڈا صرف اور صرف عوام دشمن پالیسی ہے لیکن یہ یاد ر کھیں کہ تاریخی مقامات کے نام تبدیل کرنے سے انہیں سوائے رسوائی کے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔
ارباب خضرحیات نے کہا کہ ارباب نیازسٹیڈیم دنیا بھر میں جانا جاتا ہے جبکہ اس کا نام تبدیل کر کے سرٹیفائیڈ چورعمران خان کے نام سے منسوب کرنا سٹیڈیم کی بھی توہین ہے کیونکہ کس طرح ایک انٹرنیشنل ا سٹیڈیم کا نام کرپشن اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث شخص کے نام پر رکھا جا سکتا ہے جس کی ہم ہر پلیٹ فارم پرمذمت کر یں گے ۔ ارباب خضرحیات نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ نااہل صوبائی حکومت کل کو صوبہ کا نام بھی تبدیل کر کے عمران خان یا بشریٰ بی بی کے نام سے منسوب کردے ۔