ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق خبروں کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جسے ماہرین خطے میں ممکنہ کشیدگی میں کمی اور سپلائی بہتر ہونے کی توقعات سے جوڑ رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی خام تیل (برینٹ کروڈ) کی قیمت میں تقریباً 3 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے بعد یہ 87 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا ہے، اسی طرح امریکی خام تیل (ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ) بھی 3 فیصد کمی کے بعد 85 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق خلیجی خطے میں صورتحال بہتر ہونے اور خاص طور پر آبنائے ہرمز کے کھلنے کی توقعات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد پر براہِ راست اثر ڈالا ہے، جس کے باعث خام تیل کی عالمی طلب و رسد کے خدشات میں کمی آئی ہے۔
اسی تناظر میں متحدہ عرب امارات کا اہم خام تیل “مربن کروڈ” بھی تقریباً 5 فیصد سستا ہو گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 83 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔ توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر واقعی خطے میں کشیدگی کم ہوتی ہے اور آبنائے ہرمز مکمل طور پر بحال ہوتی ہے تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کا رجحان دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہونے کے باعث پاکستان میں بھی عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ہے آئندہ ہفتے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں دس روپے جبکہ ڈیزل بھی سستا ہونے کا مکان ہے گزشتہ رات حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں چار روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے کمی کی تھی۔