میٹرک کے طلبا کیلئے اہم خبر، سالانہ امتحانات کے شیڈول میں تبدیلیاں کر دی گئیں

وفاق، سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات کے شیڈول میں تبدیلیاں کر دی گئیں۔

سندھ میں محکمہ تعلیم کی ایگزیکٹو کمیٹی نے منگل کو اہم اجلاس میں فیصلہ کیا کہ مارچ میں صرف پریکٹیکل امتحانات منعقد کیے جائیں گے جبکہ باقی امتحانات عیدالفطر کے بعد شروع ہوں گے۔ وزیر تعلیم سردار شاہ کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

فیڈرل بورڈ کے تحت میٹرک کے امتحانات 18 مارچ سے شروع ہوں گے جبکہ 28 مارچ سے 3 اپریل تک عیدالفطر کی تعطیلات کے باعث امتحانات معطل رہیں گے۔ عید کے بعد پہلا امتحان 4 اپریل کو ہوگا، جبکہ پریکٹیکل امتحانات 28 اپریل سے شروع ہوں گے۔ فیڈرل بورڈ نے امتحانی مراکز میں موبائل فون اور اسمارٹ واچ لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب کے سرکاری ملازمین کے لیے کنٹری بیوشن پنشن اسکیم کا اطلاق ہوگیا

پنجاب میں میٹرک کے امتحانات 4 مارچ 2025 سے شروع ہوں گے۔ ڈیٹ شیٹ کے مطابق پہلے گروپ کا پہلا پرچہ عربی کا ہوگا، جبکہ دوسرے گروپ کا پہلا پرچہ تاریخ کا ہوگا۔ 5 مارچ کو دونوں گروپوں کے طلبہ انگریزی کا پرچہ دیں گے۔ 6 مارچ کو اکنامکس، ہیلتھ اور فزیکل ایجوکیشن کے پرچے ہوں گےجبکہ 7 مارچ کو بیالوجی اور کمپیوٹر سائنس کے امتحانات منعقد ہوں گے۔ اس سال میٹرک کے امتحانات رمضان المبارک کے دوران ہوں گے، جس کے باعث طلبہ کی تیاری اور امتحانی شیڈول کو لے کر خاصی توجہ دی جا رہی ہے۔

خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پشاور بورڈ نے میٹرک اور انٹر کے امتحانات کا شیڈول تبدیل کر دیا ۔ پشاور بورڈ کے تحت میٹرک کے امتحانات اب 8 اپریل کو عید کے بعد شروع ہوں گےجبکہ پہلے یہ امتحانات 15 مارچ سے شروع ہونے تھے۔

ان تبدیلیوں کے بعد طلبہ کو امتحانات کی بہتر تیاری کا موقع ملے گا جبکہ تعلیمی اداروں نے بھی امتحانی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ طلبہ اور والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ امتحانی شیڈول پر نظر رکھیں اور بورڈز کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *