وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو سابق 2 وزرا کو اپنی کابینہ میں شامل نہ کرنے پر رضا مند کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے 2 سابق وزرا تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کو اپنی کابینہ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھی راضی کر لیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سابق وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کابینہ میں شامل نہ ہونے کو پارٹی کا اندرونی معاملہ قرار دیا اور کہا کہ وہ اس سلسلے میں کوئی بات نہیں کرنا چاہتے کیونکہ اگر اس پر کوئی بات کی گئی تو اس سے بانی پی ٹی آئی کے مقاصد کو نقصان پہنچے گا۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے پہلے دور حکومت میں 2 بڑی وزارتیں دی تھیں، موجودہ حکومت کے دوران بھی بانی پی ٹی آئی نے مجھے بلایا لیکن جیل میں ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
سابق وزیر خزانہ خیبرپختونخوا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’میں ساتھیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے پر یقین نہیں رکھتا،
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے 2 سابق وزرا کی خیبر پختونخوا کابینہ میں شمولیت سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ پی ٹی آئی کا اندرونی معاملہ ہے اس لیے اس پر میڈیا کے ساتھ کوئی بات کرنا ضروری نہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کچھ عرصہ قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو تیمور جھگڑا اور کامران بنگش کو کابینہ میں شامل کرنے کا کہا تھا۔