خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن 28 فروری کو ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے دو ہفتہ وار تعطیلات کی وجہ سے سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی ادائیگی یکم مارچ کی بجائے 28 فروری کو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
محکمہ خزانے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اورریٹائرڈ ملازمین کوپنشن کی ادائیگی یکم مارچ کو ہونی ہے تاہم یکم اور 2 مارچ کو ہفتہ وار تعطیلات ہونے کی وجہ سے یہ ادائیگیاں 28 فروری کو کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں سرکاری ملازمین کے لیے کنٹری بیوشن پنشن اسکیم کا اطلاق کر دیا۔ محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اسکیم پنجاب سول سرونٹس ترمیمی آرڈیننس 2023-24 کے تحت نئی بھرتی ہونے والے ملازمین پر لاگو ہوگی۔ نئی پنشن اسکیم کے تحت ملازمین کی تنخواہ سے ایک مخصوص رقم کاٹ کر ان کے پنشن اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی جبکہ حکومت بھی اس کے مساوی رقم ادا کرے گی۔
جمع کی گئی رقم کو پنشن فنڈ مینیجرز کے ذریعے سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ملازمین کو اختیار ہوگا کہ وہ روایتی یا شریعت کے مطابق پنشن فنڈ میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔ اعلامیے کے مطابق ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین اس فنڈ سے ماہانہ آمدنی حاصل کر سکیں گے یا مخصوص شرائط پر ایک ہی بار رقم نکال سکیں گے۔پنجاب پنشن فنڈ اور اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب اس اسکیم کی نگرانی کریں گے۔