روس یوکرین اور مشرق وسطیٰ کشیدگی میں کمی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہونے لگی۔ برینٹ فیوچر 14 سینٹ یا 0.2 فیصد کمی کیساتھ 74.29 ڈالر فی بیرل پر رہا جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ فیوچر 22 سینٹ یا 0.3 فیصد کم ہوکر 70.18 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
گزشتہ ہفتے برینٹ اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ فیوچر کی قیمتوں میں 2 ڈالر سے زیادہ کی کمی ہوئی ہے۔ جس کے نتیجے میں ان کی ہفتہ وار گراوٹ بالترتیب 0.4 فیصد اور0.5 فصد رہی ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق تیل کی قیمتیں سوموار کو ایشیائی مارکیٹ میں کم ہوگئیں۔ جو پچھلے ہفتے کے نقصانات کو مزید بڑھا رہی ہیں کیونکہ کردستان کے تیل کے ذخائر سے برآمدات کی بحالی کے امکان نے سپلائی میں اضافے کا اشارہ دیدیا جبکہ سرمایہ کار روس یوکرین جنگ کے حل سے متعلق مذاکرات میں تفصیل کے منتظر ہیں۔
ماہرین کے کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا بنیادی سبب امریکی صدر کی عراق پر کردستان کے تیل کے ذخائر سے برآمدات دوبارہ شروع کرنے کیلئے دبائو ڈالنا ہے۔ جو تقریباََ دو سال کی بندش کے بعد عالمی منڈیوں میں تیل کی فراہمی میں بہتری لاسکتا ہے۔