وزیر اطلاعاتو نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مہمانوں کے دہشتگردوں کے ہاتھوں اغوا برائے تاوان کے خطرے کے بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کی سختی سے تردید کی ہے۔
ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے بھارتی ذرائع ابلاغ کے ان دعوؤں کو سختی مسترد کیا ہے، جن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی میں شریک غیر ملکی مہمانوں کو مبینہ طور پر اغوا برائے تاوان کے خطرے سے خبردار کیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان پرامن اور انتہائی مؤثر طریقے سے ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی میڈیا نے یہ خبر دی تھی کہ پاکستان کے انٹیلی جنس بیورو نے خفیہ دہشتگرد گروہوں کی جانب سے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مہمانوں کو تاوان کے لیے اغوا کرنے کی ممکنہ سازش کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ میں تحریک طالبان پاکستان، دولت اسلامیہ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے گروہوں سمیت متعدد دہشتگرد تنظیموں کے نام شامل ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے کھلاڑیوں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کی حفاظتی ٹیمیں تعینات کی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کے جواب میں وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہم ان خبروں کی شدید مذمت کرتے ہیں، بھارت کا مقصد پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا اور ٹورنامنٹ کی کامیاب میزبانی کو سبوتاژ کرنا ہے۔
عطااللہ تارڑ نے بھارتی میڈیا پر کھیلوں کو سیاسی رنگ دینے اور چیمپیئنز ٹرافی کے ایونٹ کو کمزور کرنے کے لیے جھوٹ پھیلانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان محفوظ ترین مقامات میں سے ایک ہے اور ہم آئی سی سی کے میچز بہت پرامن اور انتہائی مؤثر طریقے سے منعقد کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
عطااللہ تارڑ نے بھارت کی جانب سے ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار اور اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلنے کے فیصلہ پر بھی شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ایونٹ کی کامیاب میزبانی کے خلاف بھارت کی پروپیگنڈا مہم پاکستان میں کھیلوں کے ایک بڑے بین الاقوامی ایونٹ کے انعقاد پر حسد اور بے چینی کی وجہ سے ہے۔
وفاقی وزیر نے گزشتہ ہفتے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے میچ کے دوران لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم کا حوالہ دیتے ہوئے مثبت ماحول اور بین الاقوامی شائقین کی موجودگی کو سراہا۔ عطااللہ تارڑ نے شائقین کے گراؤنڈ میں کم تعداد میں آنے کے بھارتی میڈیا کے دعوؤں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹس من گھڑت ہیں۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان پروپیگنڈا پھیلانے کی کسی بھی کوشش کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ٹورنامنٹ کی کامیابی سے میزبانی جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی نہ صرف پاکستان بلکہ کھیلوں سے متعلق عالمی برادری کی فتح ہے، بھارت کا پروپیگنڈا اس کے چہرے پر ہی دم توڑ دے گا۔