کوئٹہ سے کراچی اور اسلام آباد کے لیے ہوائی ٹکٹس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے کراچی اور اسلام آباد کے لیے ہوائی ٹکٹس کی قیمتیں بڑھنے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان روٹس پر ایئرلائنز کا ٹکٹ جو پہلے 17 سے 20 ہزار روپے تک دستیاب تھا، اب 72 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک پہنچ گیا ہے۔
اس صورتحال پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بلوچستان نے وزارت ہوابازی کو ایک مراسلہ بھیجا ہے، جس میں ٹکٹوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ چیمبر آف کامرس کا کہنا ہے کہ نجی ایئرلائنز بے تحاشہ کرایے وصول کررہی ہیں، جبکہ پی آئی اے کی پروازوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔
صدر چیمبر نےکہاکہ پی آئی اے سمیت دیگر ایئرلائنز کو کوئٹہ کی پروازوں میں اضافے کا پابند کیا جائے تاکہ مسافروں کو مناسب قیمتوں پر سفر کی سہولت فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی بڑھتی ہوئی قیمتیں نہ صرف عام شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہیںبلکہ بلوچستان کے کاروباری اور معاشی سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب کررہی ہیں۔
چیمبر آف کامرس نے وزارت ہوابازی سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ٹکٹوں کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جاسکے اور کوئٹہ کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔