بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی وجہ سیکیورٹی نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے کہا کہ میں پاکستان آیا اور محفوظ ہوں کیونکہ اکیلا ہوں وہ بات ہوگئی کہ جنگل میں مور ناچا کس نے دیکھا، اگر بھارتی ٹیم نہیں آئی مجھے نہیں معلوم کیا وجہ دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اتنا جانتا ہوں کہ وجہ صرف یہ نہیں ہے کہ بھارتی ٹیم یہاں محفوظ نہیں ہے، دونوں ملکوں کے درمیان کوئی رشتہ ہی نہیں ہے اور اس کو سدھارنے کی کسی نے کوشش ہی نہیں کی۔ وکرانت گپتا نے کہا کہ اب آپ کیسے امید کرتے ہیں کہ چٹکی بجے گی اور سب ٹھیک ہوجائے گا، انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال پہلے سوچتا تھا کہ شاید آئی سی سی ٹورنامنٹ میں ایسا ہوجائے گا لیکن وقت کے ساتھ چیزیں نہیں بدلیں۔
بھارتی صحافی نے کہا کہ میں نے ویڈیو دیکھی جو پاکستان کی تھی، بڑی اسکرین پر بہت سارے لوگ بیٹھے تھے ویرات کوہلی نے آخری چوکا لگا کر سنچری بنائی تو پاکستانی فینز بھی جشن منارہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی، روہت شرما کی پاکستان میں بہت فین فالوونگ ہے، پاکستانی مداح کہتے ہیں ہم پاکستان کو جتانا چاہتے ہیں لیکن ویرات کی سنچری دیکھنا چاہتے ہیں۔
وکرانت گپتا نے کہا کہ میلبرن میں مجھے لگا تھا کہ ہم میچ ہار گئے ہیں، نیچے اترا اور 18 اوور مس کر گیا، 19ویں اوور میں لوگوں نے کہا میچ بھارت جیتنے والا ہے اور پھر بھارت جیت گیا، پاکستانی مداح کہہ رہے تھے کہ ہم ویرات کی اننگز دیکھی۔