محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے آغاز میں پنجاب بھر میں 2 مارچ سے 4 مارچ تک شدید بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کردی ہے۔
پنجاب ڈیزآسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارش سے راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین سمیت بیشتر اضلاع متاثر ہوں گے۔
لاہور، شیخوپورہ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بہاولپور، خانیوال، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گلیات کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کھٹیا نے مقامی حکام کو الرٹ جاری کیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور ممکنہ رکاوٹوں سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
پی ڈی ایم اے نے واسا، ریسکیو، آبپاشی اور لائیو سٹاک سمیت اہم محکموں کو بھی الرٹ رہنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور ہنگامی صورتحال کے لیے ہیلپ لائن (1129) دستیاب ہے۔
حالیہ بارشوں اور برفباری کے بعد لاہور میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے اور شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 روز تک موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ بارش کا ایک اور نظام 3 مارچ تک ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
دریں اثنا خیبر پختونخوا میں پی ایم ڈی نے پہاڑی علاقوں میں مزید بارش، گرج چمک اور برفباری کا انتباہ جاری کیا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ اور کئی دیگر اضلاع شامل ہیں، جہاں 4 مارچ تک بارش اور برف باری کے سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو حفاظتی ہدایات جاری کرتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ درختوں کے گرنے اور بجلی کی بندش جیسے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔