سابق وزیر اعظم و کنونیئر عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں ایک سوچ پر اتفاق پیدا ہو، ایک بڑے مقصد کیلئے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔
نجی ٹی وی میں میزبان کے ساتھ گفتگو کے دوران سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ میرا تحریک انصاف کو مشور ہ ہے کہ سڑکوں کی سیاست سے گریز کرے۔اپوزیشن ہمیشہ سڑکوں پر تحریک نہیں چلاتی، تحریک پارلیمنٹ کے اندر بھی چلائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا الائنس بنا تو بنیادی اصولوں کے تحت بنے گا، جب قانون کی بالادستی قائم ہوگی تو سب سیاسی لیڈر خود ہی چھوٹ جائیں گے، مشکلات اپوزیشن میں اٹھا نا پڑتی ہیں اور رگڑا بھی کھانا پڑتا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مینڈیٹ کے بغیر برسر اقتدار ہے ، جب اپوزیشن مضبوط ہوگی تو حکومت خود بخود گر جائے گی، اپوزیشن الائنس کی تشکیل سے متعلق حتمی وقت دینا ابھی مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ اصلاح کی ضرورت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہے، ملک کی معیشت سکڑ رہی ، الٹی سیدھی باتیں کر کے حکومت عوام کو دھوکے میں نہیں رکھ سکتی۔
کنونیئرعوام پاکستان پارٹی (اے پی پی) کا مزید کہنا تھا کہ آج قومی لیڈر شپ کو فوری طور پر قومی ڈائیلاگ کی اشد ضرورت ہے، مذاکرات کے لئے حکومت کو پہل کرنا ہو گی۔