آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا نوجوانوں کے لیے اہم پیغام

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا نوجوانوں کے لیے اہم پیغام

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ قومی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے خود کو جدید علوم اور مہارتوں سے لیس کریں، پاک فوج نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

آرمی چیف

اتوار کو پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوانوں کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے اور سراہتے ہوئے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اقدامات میں فوج کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یہ بات انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (آئی ایم ایس) میں بہاولپور کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آرمی چیف نے طلبا سے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اللہ پاک کا عطا کردہ  ایک انمول تحفہ ہے جس کو اللہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازاہے، ہمیں کبھی بھی اپنے عقیدہ، اسلاف اور معاشرتی اقدار کو نہیں بھولنا چاہیے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے ہم میں سے ہر کسی نے اپنے حصے کی شمع جلانی ہے اور بلاوجہ تنقید کی بجائے اپنی توجہ خود کی کارکردگی اور فرائض پر مبذول رکھنی ہے، جب تک عظیم مائیں اپنے بچے پاکستان پر نچھاور کرتی رہیں گی اور یہ قوم بالخصوص نوجوان اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے تو کوئی بھی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

آرمی چف نے کہا کہ دہشت گردی کے پیچھےایک منظم غیر قانونی سپیکٹرم ہے جس کی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں، جب بھی ریاست ان پر ہاتھ ڈالتی ہے تو آپ کو ان کے جھوٹے بیانیوں کی آواز سنائی دیتی ہے۔

آرمی چیف نے سی ایم ایچ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سی آئی ایم ایس)، انووسٹا چولستان اور انٹیگریٹڈ کمبیٹ سمیلیٹر ایرینا کا بھی افتتاح کیا، جہاں طبی تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جنگی تیاریوں کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدامات کیے جائیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہاں طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے قوم کے نوجوانوں کی تربیت کے لیے فوج کے عزم کو اجاگر کیا۔ آرمی چیف نے طلبا کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ لگن کے ساتھ جدید علوم میں مہارت حاصل کریں اور قومی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے خود کو ضروری مہارتوں سے لیس کریں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس دوران آرمی چیف نے بہاولپور کینٹ کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں اور بہاولپور کور کے تربیتی پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔ یہاں افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے ان کی غیر متزلزل لگن، بلند حوصلے اور جنگی تیاریوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سخت تربیت ایک فوجی کی پیشہ ورانہ ترقی کی بنیاد ہے اور جدید جنگ کے چیلنجز پر قابو پانے میں پاک فوج کی جدید خطوط پر تربیت اہم خصوصیت ہونی چاہیے۔قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کمانڈر بہاولپور کور نے ان کا استقبال کیا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *