پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے قوم ایک ہی سوال کر رہی ہے عمران خان کو کب جیل سے رہائی ملے گی، عمران خان کی رہائی کے لیے بھرپور پرامن احتجاج کرنا ہوگا، عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے گرینڈ الائنس سے حکومت پر زبردست دباؤ آئے گا۔
پیر کو آزاد ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، اپوزیشن کے گرینڈ آلائنس کے آئین و قانون کی بالادستی کے لیے ملک گیراحتجاج سے حکومت پر دباؤ بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے آواز رہا ہے، گرینڈ آلائنس بھرپور تیاری کر رہا ہے، جو لوگ جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں وہ اس اتحاد میں شامل ہوں گے اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے اپنی آواز اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے لیے احتجاج کے لیے ہماری لیڈرشپ کی بھرپور تیاری ہے، عید کے بعد قانون کی بالادستی کے لیے تحریک شدت اختیار کر جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل جاوید نے کہا کہ ملک بھر سے عوام عمران خان کی رہائی سے متعلق سوال پوچھتے ہیں، ان کی رہائی کے یے پرامن احتجاج کرنا ہوگا، قوم کہتی ہے کہ اب بہت ہو گیا، عمران خان کو جیل سے باہر آنا چاہیے۔
بدقسمتی سے ملک میں آزادی رائے پر قدغن لگائی جا رہی ہے لیکن حکومت جان لے کہ لوگوں کی آواز دبانے کی کوشش میں نفرتیں مزید بڑھ رہی ہیں، عام انتخابات میں عوام کی رائے کو مانا ہی نہیں گیا، آزادی اظہار رائے کو دبانے کی کوشش کی گئی۔