گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے غریب اور مستحق افراد کے لیے 9 ہزار ٹھیلے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، تاکہ انہیں کاروبار کے مواقع میسر آسکیں اور ان کی معاشی حالت میں بہتری آسکے۔
جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایک تقریب میں گورنر سندھ نے ایک ہزار سبزیوں سے بھرے ٹھیلے مستحق افراد میں تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے سبزیوں کی قیمتوں اور وزن کا بھی جائزہ لیا اور خریداروں سے بات چیت کی۔ تقریب میں شرکت کے دوران گورنر سندھ نے ورکرز کا حوصلہ بڑھانے کے لیے خود بھی سیخ بوٹی تیار کی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی موجودگی کے باعث ملک کو کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط افواج، مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں اور ہر شہری کو اپنی فوج سے محبت کرنی چاہیے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آرمی چیف نہ صرف ملکی دفاع کو مستحکم کررہے ہیں بلکہ معیشت کی بہتری کے لیے بھی اہم اقدامات کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) منصوبے کے تحت سرمایہ کاری کو فروغ دیا جارہا ہے۔
تقریب کے دوران گورنر سندھ نے “پاک فوج زندہ باد” اور “آرمی چیف زندہ باد” کے نعرے بھی لگائے، جس پر شرکاء نے بھی جوش و خروش کا اظہار کیا۔