بنوں چھاؤنی پر خوارج دہشتگردوں کا حملہ ناکام، خودکش بمباروں سمیت 16 دہشتگرد ہلاک

بنوں چھاؤنی پر خوارج دہشتگردوں کا حملہ ناکام، خودکش بمباروں سمیت 16 دہشتگرد ہلاک

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بنوں چھاؤنی پر دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بناتے ہوئے 4 خود کش بمباروں سمیت تمام 16 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 5 بہادر سیکیورٹی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں کارروائی، 6 خوارج ہلاک

بدھ کو پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ 4 مارچ 2025 کو خوارج دہشتگردوں کی جانب سے بنوں چھاؤنی پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی کوشش کی گئی۔ حملہ آوروں نے چھاؤنی کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے بھرپور اور پرعزم جواب سے ان کے مذموم عزائم کو فوری اور فیصلہ کن طور پر ناکام بنا دیا گیا۔ حملہ آوروں نے اپنی ناکامی پر دھماکہ خیز مواد سے بھری 2 گاڑیوں کو چھاؤنی کے احاطے کی دیوار سے ٹکرا دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق غیر متزلزل جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاک فوج کے بہادروں نے دراندازوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 4 خودکش بمباروں سمیت تمام 16 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 5 بہادر جوانوں نے بہادری سے مزاحمت کرتے ہوئے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔

مزید پڑھیں:صدر، وزیراعظم کی بنوں چھاؤنی پرحملے کو ناکام بنانے پرسیکیورٹی فورسز کی ستائش، شہدا کو خراج عقیدت پیش

آئی ایس پی آر کے مطابق متعدد خودکش دھماکوں کے نتیجے میں احاطے کی دیوار جزوی طور پر گر گئی ، جس سے ملحقہ بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ افسوس ناک بات یہ ہے کہ قریب میں واقع ایک مسجد اور ایک شہری رہائشی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں 13 بے گناہ شہری شہید اور 32 زخمی ہوئے۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹس میں واضح طور پر اس گھناؤنے فعل میں افغان شہریوں کے برائے راست ملوث ہونے کی تصدیق کی گئی ہے اور شواہد اس حقیقت کی طرف بھی اشارہ کرتے ہیں کہ یہ حملہ افغانستان سے سرگرم خوارج دہشتگردوں کے رہنماؤں نے کیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاک فوج کا خوارج کیخلاف آپریشن، 30خارجی ہلاک

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان توقع کرتا ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی اور پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گی۔ پاکستان سرحد پار سے پیدا ہونے والے ان خطرات کے جواب میں ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں اپنی قوم کی حفاظت کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *