پنجاب حکومت کے فلیگ شپ منصوبے “اپنی چھت، اپنا گھر” کے حوالے سے ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا عمل مزید وسعت اختیار کر رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی مزید 12 ہزار مستحق خاندانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کر سکیں، اس اقدام کا مقصد کمزور طبقے کو رہائشی سہولتیں فراہم کرنا اور انہیں اپنے گھر کی ملکیت کے قابل بنانا ہے۔
اس حوالے سے اہم اجلاس میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک کم آمدنی والے خاندانوں کو مجموعی طور پر 191 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے دیے جا چکے ہیں، یہ منصوبہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت جاری ہے، جس کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر اور ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی سکندر ذیشان نے شرکت کی ، اجلاس میں اسکیم کی مجموعی کارکردگی اور مستقبل کے اہداف پر تفصیلی غور کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اب تک ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد خاندان اس پروگرام سے مالی معاونت حاصل کر چکے ہیں، اس کے ساتھ ہی 91 ہزار سے زیادہ گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ تقریباً 42 ہزار گھر اس وقت زیر تعمیر ہیں، جن کی تکمیل رواں مالی سال میں متوقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اسکیم میں عوام کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی دیکھی گئی ہے، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب تک 11 لاکھ 70 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ یہ صورتحال منصوبے کی مقبولیت اور عوامی اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔
مزید برآں، مالی نظم و ضبط کے حوالے سے بھی نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے، اب تک ماہانہ اقساط کی مد میں 10 ارب روپے سے زائد کی وصولی ہو چکی ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ قرضوں کی واپسی کا نظام بھی مؤثر انداز میں چل رہا ہے اور منصوبہ کامیابی کی جانب گامزن ہے۔