تعلیمی ایمرجنسی، خیبرپختونخوا میں خصوصی بچوں کا سکول بند

تعلیمی ایمرجنسی، خیبرپختونخوا میں خصوصی بچوں کا سکول بند

مردان میں 2017ء میں خصوصی بچوں کیلئے شروع کیا جانے والا خیبر پختونخوا حکومت کا منصوبہ اہداف کی حصول میں ناکامی کے باوجود جاری ہے جبکہ اس منصوبہ کے تحت قائم کردہ خصوصی بچوں کا سکول بھی 2023 میں بند ہو چکا ہے لیکن اس کا عملہ بدستور تنخواہیں وصول کر رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے پراجیکٹ کو بند کرنے کے احکامات پرعملدرآمد ہونے کی بجائے ان ملازمین کی ملازمتوں میں توسیع کے لیے منصوبے کو دو مرتبہ توسیع بھی دی گئی۔

دستاویزات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے 2017 میں بہرے اور گونگے (خصوصی) بچوں کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ضلع مردان کے قصبہ کاٹلنگ میں ایک سکول قائم کرنے کا منصوبہ شروع کیا جس کی پراونشل ورکنگ ڈویلپمنٹ پارٹی (پی ڈی ڈبلیو پی) نے 18 ستمبر 2017 کو منظوری دی۔ اس تعلیمی ادارے کے ضروری امور کی تکمیل کے بعد صوبائی محکمہ سوشل ویلفئیر نے صرف 65 خصوصی بچوں کو مذکورہ سکول میں داخل کروایا۔

منصوبہ 2020 تک تھا جس کی لاگت کا تخمینہ ایک کروڑ 70 لاکھ روپے لگایا گیا تھا لیکن اس منصوبے کی دو مرتبہ توسیع دی گئی جس کی وجہ سے اس کی لاگت تین کروڑ 34 لاکھ روپے تک جا پہنچی۔ پہلی مرتبہ منصوبے میں جب توسیع کی گئی تو یہ فیصلہ ہوا کہ بقایا جات کی ادائیگی کر کے منصوبے کو ختم کر دیا جائے گا اور خصوصی بچوں کو دیگر سکولوں میں منتقل کر دیا جائے گا۔ اس فیصلے کی بنیادی وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ جس مقصد کے لیے یہ منصوبہ شروع کیا گیا تھا اس کے اہداف حاصل نہ ہو سکے۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ خصوصی بچوں کے اس ادارہ کے لیے خریدی گئی منی بس کے ذریعے ان بچوں کو دوسرے سکول تک مفت پک اینڈ ڈراپ کی سہولت دی جائے گی۔

دوسری مرتبہ منصوبے میں توسیع کے لیے پی ڈی ڈبلیو پی کے پاس آیا تو یہ سوال اٹھایا گیا کہ 29 ستمبر 2022 میں منصوبے کو اس شرط پر توسیع دی گئی تھی کہ بقایا جات کو کلیئر کر کے منصوبہ ختم کر دیا جائے گا تو منصوبہ کو دوبارہ توسیع کے لیے کیوں اس فورم پر لایا گیا۔

ذرائع کے مطابق اگست 2023 میں سکول بند ہو گیا ہے اور بچوں کو دوسرے سکول میں شفٹ بھی نہیں کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی ملازمین تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔ رابطہ کرنے پر ضلع مردان کے سوشل ویلفئیر آفیسر شعیب نے آزاد ڈیجیٹل کو بتایا کہ بچوں کو دوسرے سکول میں منتقل نہیں کیا گیا ہے تاہم پراجیکٹ ملازمین کو تنخواہیں دینے کا سلسلہ رواں ماہ کے آخر میں ختم کر دیا جائے گا ’’کیونکہ منصوبہ کی معیاد رواں سال کے جون تک ہے۔‘‘

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *