تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول کے نزدیک پہنچ گئی۔
انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے دونوں بڑے ڈیموں کی ڈیڈ لیول صورتحال سے صوبوں کو خبردار کر دیا ہے۔
ارسا کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں پانی کی تقسیم کا نیا ضابطہ جاری کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ربیع سیزن کے باقی عرصے کیلئے پانی کی 30 سے 35 فیصد قلت کا خدشہ ہے، مراسلے میں صوبائی محکمہ آبپاشی کو فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ارسا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارش کے نہ ہونے تک صورتحال بہتر ہونے کا امکان نہیں ہے، رواں ربیع سیزن میں پنجاب نے 20 فیصد پانی کی قلت برداشت کی جبکہ سندھ نے 16 فیصد پانی کی قلت برداشت کی۔
ترجمان ارسا کے مطابق بارشیں نہ ہونے پر منگلا اورتربیلا تین چار روز میں ڈیڈ لیول پر جا سکتے ہیں۔