خیبرپختونخوا میں عالمی بینک کے منصوبے میں شدید بد انتظامی کی شکایات

خیبرپختونخوا میں عالمی بینک کے منصوبے میں شدید بد انتظامی کی شکایات

خیبرپختونخوا میں عالمی بینک کے منصوبے میں شدید بد انتظامی کی شکایات سامنے آنی لگی ہیں۔

سید ذیشان کاکاخیل

خیبرپختونخوا میں عالمی بینک کے تعاون سے شروع ہونے والے بڑے منںصوبے میں شدید بدانتظامی کی شکایات سامنے آنے لگی ہیں۔ ذرائع محکمہ تعلیم کے مطابق خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں کی تعمیر و مرمت کے لئے غیر ملکی منصوبے میں بے ضابطگیوں کا انکشاف منصوبے کے اپنے ہی ایک ملازم نے کردیا ہے۔

عالمی بینک کے تعاون سے خیبرپختونخوا ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس میں خوردبرد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق منصوبے کے پراجیکٹ اکاؤنٹ آفیسر نے سیکرٹری محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کو خط لکھا ہے جس میں یہ انکشاف کیا ہے کہ اس پراجیکٹ میں منظوری کے بغیر ٹھیکہ داروں کو جعلی دستاویز پر ادائیگیاں کی گئی ہیں۔

یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ کنٹریکٹ پر دستخط کے 15 دنوں کے اندر اندر ہی منصوبے کے ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر نے ٹھیکہ دار کو ادائیگی کی جو خلاف قانون ہے۔ دستاویزات کے مطابق مختلف ٹھیکہ داروں کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں کروڑوں روپے کی ادائیگیاں مختلف ٹھیکہ داروں کو چند دنوں کے اندر کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

آزاد ڈیجیٹل کے پاس موجود دستاویز میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ متعدد ٹھیکہ داروں کو کام شروع کئے بغیر ہی پیسے جاری کئے گئے ہیں جو کسی قانون میں موجود نہیں ہے۔ منصںوبے کے ملازم نے الزام عائد کیا ہے کہ پراجیکٹ حکام نے اپنی مرضی کے مطابق غیر تجربہ کار فرمز کو ٹھیکہ دیا جو غلط ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کا کوہ سلیمان کو وائلڈ لائف کنزرونسی قرار دینے کیلئے وفاق سے رابطہ

اس اقدام سے نہ صرف تعمیراتی کام میں مشکلات پیش آسکتی ہیں بلکہ اصل ٹھیکہ داروں کی حق تلفی بھی ہوئی ہے۔ اسی طرح یہ بھی کہا گیا ہے کہ خریداری کمیٹی میں ورلڈ بینک اور سیکرٹری تعلیم کے بغیر تبدیلی کی گئی ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس میں خلاف قانون کام کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

اکاونٹ آفیسر خیبرپختونخوا ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ شہاب احمد کا سیکرٹری تعلیم کو لکھا گیا خط آزاد ڈیجیٹل کو موصول ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ 32 ارب روپے مالیت کا پراجیکٹ ہے اور یہ پراجیکٹ 2021 اور 2022 میں شروع کیا گیا ہے.

خیبرپختونخوا ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت صوبے میں سکولوں کی تعمیر و مرمت کرنے سمیت سکولوں کی آپ گریڈیشن اور کلاس رومز کو تعمیر کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ پراجیکٹ خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں چلایا جائے گا جس میں وہ اضلاع بھی شامل ہیں جہاں سیلاب کے باعث سکول متاثر ہوئے ہیں۔

پراجیکٹ کے تحت150 کے قریب سکولوں کی اپ گریڈیشن کرنی ہے۔ جس میں پرائمری سے مڈل اور مڈل ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولز شامل ہیں۔ اس منصوبے کے تحت 900 کلاس رومز کا قیام کرنا تھا اور سیلاب زدہ اضلاع میں نئے 900 سکولز کی تعمیر کرانا بھی تھا۔ اس حوالے سے جب پراجیکٹ ڈائریکٹر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ملازم کی عائد شکایات کا جواب دینگے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر آصف شہاب نے بتایا کہ جب سیکرٹری اور وزیر تعلیم اس معاملے میں تفصیلات مانگیں گے تو وہ تمام دستاویزات فراہم کرینگے۔ ان کے مطابق جس نے الزامات عائد کئے اس کے خلاف خود شکایات آئی ہیں اس لئے وہ اس منصوبے کو بد نام کرنے کے لیے ایسے الزامات عائد کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق شکایات عائد کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *