پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کےسینئررہنما وسابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسد قیصر نے پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال انتہائی خراب اور بیروزگاری میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ، حکومت کو فوری طور پر آزاد اور منصفانہ ا نتخابات کرا نے چا ہئیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ روان ہفتے ہم نے اپنے تمام الائنس کی میٹنگ طلب کی ہے جس میں جامع قومی ایجنڈا بنایا جا ئیگا، قومی ایجنڈے کے تحت پاکستانی عوام کے پاس جائیں گے اور عوام کو جمع کریں گے۔
سابق سپیکر نے کہا کہ تمام ورکرز کے خلاف مقدمات واپس لئے جائیں اورگرفتار ورکرز کو فی الفور رہا کیا جائے۔ تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کے حوالے سے کوئی اجلاس یا فیصلہ نہیں ہوا۔ اگلے ہفتے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر جامع پلان لے کر آ رہے ہیں ۔
گرینڈ الائنس کے ساتھ ملکر احتجاج کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دینے کے حوالے سے پارٹی کی سطح پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ ہوگا،اس حوالے سے اپوزیشن کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔