وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی سے ملنے والے ضبط شدہ 190ملین پائونڈ (54ارب روپے) سے پبلک سیکٹر میں یونیورسٹی اور دانش اسکول بنانے میں استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اینکرپرسن شہباز رانا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ برطانیہ سے پاکستان کو ملنے والے 54ارب روپے بجائے کہ اکائونٹ میں پڑے رہیں ان کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ رقم سپریم کورٹ کے اکائونٹ میں موجود ہے اور اس کے نگران رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان ہیں۔
شہباز رانا نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے 54 ارب روپے سے دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز بنانے کا فیصلہ کیا اور اس کے علاوہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں مختلف اسکولز بنائے جائیں گے۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے دو، تین اجلاس کیے ہیں اور ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کو ابھی اس حوالے سے کوئی اعتراض نہیں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس یونیورسٹی کیساتھ 20 بستروں کا ہسپتال بھی بنایا جائیگا۔ اس یونیورسٹی میں ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے کورسز پڑھائے جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اس منصوبے کو سراہا جارہا ہے اور دعا ہے کہ یہ پایہ تکمیل کو بھی پہنچے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عدالت نے القادر یونیورسٹی کوبھی سرکاری تحویل میں لینے کا حکم دیا تھا۔