پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے نکالے جانے والے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کے کچھ لوگ صرف ڈالروں کے لیے ریاست پر حملہ آور ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران ریاض، شہباز گل، حیدر مہدی، اور عادل راجہ جیسے لوگوں کی وجہ سے پارٹی کی سمت خراب ہوئی ہے۔ یہ لوگ بیرون ملک بیٹھ کر خود کو عظیم ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس کیساتھ ڈالروں میں کمائی بھی کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ افراد پروپیگنڈہ کرتے ہیں اور بغیر کسی حقیقت کے باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں، جیسے کبھی یہ خبریں پھیلائی جاتی ہیں کہ عمران خان کی طبیعت خراب ہے یا ان کا کھانا بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں عید کے بعد پی ٹی آئی کے کسی بھی احتجاج میں شرکت نہیں کروں گا کیونکہ انہوں نے پی ٹی آئی سے تین ماہ کیلئے علیحدگی اختیار کر لی ہے ،اسی لیے وہ پارٹی کی کسی بھی سرگرمی کا حصہ نہیں بنے گے ۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )اس وقت انتشار کا شکار ہے اور فارورڈ بلاک کی باتیں ہو رہی ہیں۔ پی ٹی آئی کے کچھ ارکان کو مفت میں بدنام کیا گیا ہے، اور انہیں ان کے ضمیر یا پیسے کے بغیر بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔
انکا کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کے اندر مختلف سازشیں جاری ہیں اگر علی امین گنڈا پور کے خلاف بھی کوئی کارروائی کی گئی تو پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں بکھر جائے گی۔ اس وقت صرف خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی تنظیم موجود ہے، جبکہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی تنظیم تقریباً مکمل طور پر غیر فعال ہو چکی ہے۔