حکومت نے رمضان پیکج کے تحت ملک بھر میں فی خاندان پانچ ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ٹیلی کام ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور رمضان پیکج 2025 کے مانیٹرنگ نظام کا جائزہ لیا۔ حکام نے وزیراعظم شہباز شریف کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے فی خاندان 5 ہزار روپے ادائیگی کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس شاندار پروگرام کی تکمیل پر سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر آئی ٹی، گورنمنٹ سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے ملکر ایک چیلنج کو قبول کیا۔ ماضی میں بدترین کرپشن کہانیاں تھیں۔ اب نئے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے کرپشن کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو ہمیشہ کیلئے خیر باد کہنا تھا۔ وہاں بدترین کرپشن کی کہانیاں زبان زدِعام تھیں۔ نئے جدید ڈیجیٹل والٹ کے تحت چاروں صوبوں میں تقریباََ چالیس لاکھ خاندانوں کے دو کروڑ سے زائد افراد پروگرام سے مستفید ہوں گے۔ اس پروگرام کا 20ارب روپے کی لاگت سے اجراء کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلی بار شفاف طریقے سے کام کیا، اب فی خاندان پانچ ہزار روپے ملیں گے۔ لوگ ابھی ضروریات کے چیزیں خرید سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایسا ہوا کہ نہ کوئی قطاریں لگیں اور نہ ہی شکایت سامنے آئی، ماضی میں عوام کا پیسہ کرپشن کی نذر ہوتا رہا، اس سے بڑا کوئی ظلم نہیں ہوسکتا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس پروگرام میں شفافیت کا پہلو سب کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ حکومت پاکستان نے مہم کا آغاز کر دیا ہے، بینکرز اور آئی ٹی کمپنیز سے گزارش ہے کہ آپ بھی مہم میں شریک ہوں،گورنر اسٹیٹ بینک بھی ڈیجیٹل والٹ کے طریقہ کار کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں۔